وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرانے میں مکمل مدد فراہم کر رہی ہے، اسد عمر

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرانے میں مکمل مدد فراہم کر رہی ہے، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی کاموں کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آزاد جموں و …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرانے میں مکمل مدد فراہم کر رہی ہے، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی کاموں کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرانے میں مکمل مدد فراہم کر رہی ہے، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح سیاحت کا فروغ ہے اور پاکستان کو اب سیاحت کے اعلیٰ مقامات میں شامل کیا جا رہا ہے، سیاحت کی سہولیات کو مزید بڑھانا ضروری ہو گیا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت سیاحت سے متعلق انفراسٹرکچر کی بہتری کےلئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم آ زاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ماضی کی نسبت آزاد جموں و کشمیر کی مالی حیثیت میں اب زیادہ بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آزاد جموں وکشمیر کی ترقی کےلئے وفاقی حکومت کی طرف سے دیئے گئے تعاون کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کےلئے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔