وفاقی حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب، مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے کر اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے کر اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انوار نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹروے پولیس، کسٹمز، ایف بی آر، پورٹ اینڈ شپنگ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کی نمائندگی ملک شہزاد اعوان، ناصر جعفری، اویس چوہدری، قمر الزمان، بختاور خان اور شبر ملک سمیت دیگر عہدیداران نے کی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسٹم حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی اور مسائل سے نمٹنے کے لیے شارٹ اور لانگ ٹرم حکمت عملی پر عمل درآمد ہوگا۔عبدالعلیم خان نے تمام موٹرویز پر کم سے کم ہیومن ریسورس والے جدید (سٹیٹ آف دی آرٹ) ’’ویٹ اسٹیشنز‘‘ بنانے کا اعلان کیا اور ٹرانسپورٹرز کو اس حوالے سے شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے دوران ایکسل لوڈ کے مسئلے کو یونیفارم پالیسی کے تحت بنیاد سے ہی کنٹرول کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزارت کے سینئر حکام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین پر ٹرانسپورٹرز کو بریفنگ اور یقین دہانیاں کروائیں جبکہ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے ٹرانسپورٹرز کی تجاویز پر مشاورت مکمل کی۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے وفد نے بہترین مہمان نوازی اور تمام امور احسن انداز میں نمٹانے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو خراج تحسین پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں