وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، رانا مبشر اقبال

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ رہے گی۔قومی خبر رساں ادارے …

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ رہے گی۔قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مبشر اقبال نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طویل المدتی بحالی کے منصوبے بھی ترتیب دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تمام وفاقی وزراء کو مختلف اضلاع کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں تاکہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی اور متاثرہ خاندانوں تک براہِ راست مدد پہنچائی جا سکے۔

رانا مبشر اقبال کے مطابق انہیں ضلع صوابی اور اس کے ملحقہ علاقوں کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی جہاں انہوں نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے امدادی کارروائیاں مؤثر طریقے سے مکمل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق معاوضے کے چیک تقسیم کئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ مالی امداد انسانی جانوں کے ضیاع کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم یہ حکومت کی طرف سے ہمدردی اور عملی تعاون کی علامت ہے جو متاثرہ خاندانوں کے لئے سہارا ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی، مکانات کی تعمیر نو، اور صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امداد کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ سیلاب متاثرین کی بحالی قومی ترجیح ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے یہ مقصد حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں سیلاب متاثرین جلد اپنے گھروں اور روزگار کی بحالی کے عمل میں کامیاب ہوں گے۔

مزید خبریں