وفاقی محتسب کی مداخلت سے معمولی جرمانے کے باعث زیرِحراست پانچ قیدی رہا

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی مداخلت سے معمولی جرمانہ ادا نہ کر پانے کے باعث قید پانچ مستحق قیدیوں کو رہائی مل گئی، رہائی پانے والے قیدیوں اور جیل انتظامیہ نے اس انسانی ہمدردی کے اقدام پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے ایک صاحبِ ثروت شہری چوہدری محمد دین شوق نے 29 دسمبر کو وفاقی محتسب سے ملاقات …

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی مداخلت سے معمولی جرمانہ ادا نہ کر پانے کے باعث قید پانچ مستحق قیدیوں کو رہائی مل گئی، رہائی پانے والے قیدیوں اور جیل انتظامیہ نے اس انسانی ہمدردی کے اقدام پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے ایک صاحبِ ثروت شہری چوہدری محمد دین شوق نے 29 دسمبر کو وفاقی محتسب سے ملاقات کے دوران معمولی جرمانے ادا نہ کر سکنے والے مستحق قیدیوں کی رہائی کے لیے رضاکارانہ طور پر ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر رجسٹرار، وفاقی محتسب نے سنٹرل جیل راولپنڈی کو مراسلے کے ساتھ مذکورہ رقم کا چیک ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس رقم سے مستحق قیدیوں کے جرمانے ادا کر کے ان کی رہائی کی کارروائی مکمل کی جائے۔

سنٹرل جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ نے 14 جنوری کو وفاقی محتسب کو ارسال کردہ اپنے خط میں شکریہ ادا کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ اس رقم کے ذریعے پندرہ ہزار سے تیس ہزار روپے تک کے جرمانے ادا نہ کر سکنے والے پانچ غریب اور مستحق قیدیوں نعیم ولد موذا، لیاقت ولد رقیب، صداقت ولد وزیر، نواب ولد عبدالغنی اور زین ولد اکرام کو رہا کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی محتسب نے جیلوں کی اصلاح اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رکھے ہیں۔ ماضی میں بھی مخیر حضرات کے تعاون سے معمولی جرمانوں کے باعث سالوں سے جیلوں میں قید اس نوعیت کے قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جاتی رہی ہے۔

مزید خبریں