وفاقی نظامت تعلیمات کے زیرِ اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کے اعزاز میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف 4/7میں اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمانِ خصوصی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامتِ تعلیم جاوید اقبال مرزا، ڈائریکٹر اکیڈمکس رفعت …
وفاقی نظامت تعلیمات کے زیرِ اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی نظامت تعلیمات کے زیرِ اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کے اعزاز میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف 4/7میں اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمانِ خصوصی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامتِ تعلیم جاوید اقبال مرزا، ڈائریکٹر اکیڈمکس رفعت جبین، ڈائریکٹر سکولز ڈاکٹر احسان محمود، ڈائریکٹر کالجز شاہد محمود عباسی،پرنسپل میزبان کالج ڈاکٹر سعدیہ عزیز، ایریا ایجوکیشن آفیسرز، پرنسپلز، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای جاوید اقبال مرزا نے کہا کہ معیاری تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضمانت ہے،میٹرک امتحانات میں طلبہ کی شاندار کامیابی اساتذہ کی انتھک محنت، تعلیمی اداروں کی مؤثر قیادت اور والدین کی بھرپور رہنمائی کاثمر ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، جدت، تحقیق اور مسلسل بہتری کی روایت کو مزید فروغ دیں تاکہ وفاقی تعلیمی ادارے آئندہ بھی نمایاں کامیابیوں کی نئی مثالیں قائم کرتے رہیں۔وزیر مملکت وجیہہ قمر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم، میرٹ، جدید تدریسی نظام اور سازگار تعلیمی ماحول کے فروغ کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، محنت، مستقل مزاجی اور علم دوستی کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں، کیونکہ یہی نوجوان مستقبل میں ملک و قوم کی قیادت اور ترقی کے ضامن ہوں گے۔تقریب کے دوران میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے سال 2025-26 کے ٹاپ ٹین پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز، تعریفی اسناد، کتابیں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ بہترین نتائج دینے والے تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور اساتذہ کو بھی خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
طالبات میں سویرا شمشیر نے 1084 نمبروں کے ساتھ پہلی، سیدہ عروج فاطمہ نے 1070 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ ازکا خالد نے 1069 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ طلبہ میں ہمدان شمشیر نے 1073 نمبروں کے ساتھ پہلی، صارم ابتسام نے 1066 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ سوبان شمشیر نے 1058 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔








