اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی زیرِ نگرانی نظام صلوٰۃ کے موضوع پر اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ممتاز علمائے کرام، مشائخ، خطباء، وفاقی وزراء اور سیکرٹریز، تاجر نمائندوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ منگل کو وزارت مذہبی امور سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار …
وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی زیرِ نگرانی نظام صلوٰۃ کے موضوع پر اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی زیرِ نگرانی نظام صلوٰۃ کے موضوع پر اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ممتاز علمائے کرام، مشائخ، خطباء، وفاقی وزراء اور سیکرٹریز، تاجر نمائندوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ منگل کو وزارت مذہبی امور سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کی۔
اجلاس میں نمازِ باجماعت کے فروغ کو قومی اور دینی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علماء نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں یکساں اوقاتِ اذان و نماز کے نفاذ کے لئے باہمی مشاورت سے ایک مشترکہ شیڈول مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ خطباتِ جمعہ کے لئے ایسے موضوعات کی فہرست تیار کی جائے گی جو اتحادِ امت، اصلاحِ معاشرہ، نوجوان نسل کی رہنمائی، اور اخوت و برداشت کے فروغ پر مبنی ہو۔
مساجد کے نظم و نسق، اخلاقی ضابطوں، سکیورٹی، صفائی اور انتظامی امور میں بہتری کے لئے مشترکہ سفارشات جلد مرتب کی جائیں گی۔ وزارتِ مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی نظام صلوٰۃ کے سلسلے میں ایک مستقل کمیٹی قائم کرے گی جو نفاذ، عملدرآمد اور رابطہ کاری کی نگرانی کرے گی۔ نظام صلوٰۃ کو موثر بنانے کے لئے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ تمام شرکاء نے اس قومی و دینی فریضے کے لئے مسلسل تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔








