وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی پشاورمیں پولیس لائنز کی مسجد میں خود کش حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پشاورمیں پولیس لائنز کی مسجد میں خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد وں کا مسجد پر حملہ اسلام، قرآن، مسلمانوں اور پاکستان سے نفرت کا ثبوت ہے۔پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیرمریم اورنگزیب نے شہداءکو خراج عقیدت، اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن غلط فہمی کا شکار ہیں کہ معصوموں کا خون بہا کر دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبہ ہے، افسوس 10 سال میں اس خطرے کو نظرانداز کرنے کی مجرمانہ غلطی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ قائد نوازشریف نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا، ایک بار پھر اُسی عزم اور حکمت عملی سے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔وزیراطلاعات نے شہداءکے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراطلاعات کی زخمیوں کی صحت یابی کی بھی دعا کی۔