وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی سعودی ہم منصب سے سعودی وزارت داخلہ میں ملاقات

وزیراعظم کی ہدایات ،4رکنی وزارتی کمیٹی اور کسان نمائندوں کے مابین باضابطہ مذاکرات شروع، مذاکراتی عمل مکمل ہونے کے بعد کسانوں کے تمام مطالبات وزیراعظم کو پیش کرینگے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان

جدہ۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے جدہ میں سعودی وزارت دا خلہ میں ملاقات کی جس میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت ہوئی ۔سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیزالداؤد نے رانا ثنا اللہ کا وزارت داخلہ پہنچنے پراستقبال کیا۔

وزرا داخلہ ملاقات میں رانا ثنا اللہ کے ساتھ سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر عامر خرم راٹھوراورقونصل جنرل خالد مجید بھی موجود تھے۔ملاقات میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر داخلہ نے اپنے ہم منصب کوخادمین حرمین الشریفین کا حج 2022 پر بہترین انتظامات کرنے پرمبارکباد پیش کی۔

وزیر داخلہ نے پاکستان سے عازمین حج کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد اورسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔

پاکستان اورسعودی عرب مل کر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ ہیں،پاکستان کے عوام خادمین حرمین الشریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں،سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حج پربہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت اور خادمین حرمین الشریفین کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔پاکستان سے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتاہوں جس کے باعث رواں برس پاکستان سے 80 ہزار سےزیادہ عازمین حج نے روڑ ٹو مکہ سہولت سےاستفادہ کیا۔