جنوبی کوریا کا امریکا میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا منصوبہ

جنوبی کوریا امریکا میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کی توسیع میں مدد کے لیے 100 ارب ڈالر سےزیادہ مالیت کے توانائی سرمایہ کاری منصوبے کے اعلان کی تیاری کر رہا ہے۔

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):جنوبی کوریا امریکا میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کی توسیع میں مدد کے لیے 100 ارب ڈالر سےزیادہ مالیت کے توانائی سرمایہ کاری منصوبے کے اعلان کی تیاری کر رہا ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت جنوبی کوریا امریکا میں8 تک جوہری پاور پلانٹس اور ایک قدرتی گیس منصوبے کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا۔ تاہم جنوبی کوریا کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ امریکا میں سرمایہ کاری سے متعلق تفصیلات ابھی حتمی نہیں کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی یہ سرمایہ کاری کئی برسوں کے دوران مرحلہ وار کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت امریکا میں 8 تک جوہری ری ایکٹرز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں پہلے ری ایکٹر کے لیے امریکی کمپنی ویسٹنگ ہاؤس الیکٹرک کا ڈیزائن استعمال کیا جائے گا، جبکہ بعد کے بعض ری ایکٹرز میں جنوبی کوریا کی کمپنی ’’کے ای پی سی او‘‘ کے ڈیزائن استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق تقریباً 20 ارب ڈالرکی ایک اور ممکنہ سرمایہ کاری ٹیکساس میں قدرتی گیس سے چلنے والے پاور پلانٹ سے متعلق ہے، جو مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرے گا۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے گزشتہ اکتوبر تجارتی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت جنوبی کوریا نے امریکی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں350 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا عزم کیا جبکہ واشنگٹن نے جنوبی کوریا کی درآمدات پر ٹیرف 15 فیصد تک محدود کرنے پر اتفاق کیا تھا۔تاہم جنوبی کو ریا کو اس تجارتی معاہدے پر عملدرآمد میں تاخیر کا سامنا رہا، جس کے باعث صدر ٹرمپ نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی کوریا پر ٹیرف بڑھانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

مزید خبریں