پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) اور مرسی کور نے پاکستان کو درپیش ابھرتے ہوئے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق، پالیسی تجزیے اور پالیسی مشاورت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پائیڈ اور مرسی کور کا ابھرتے ہوئے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق، پالیسی تجزیے اور پالیسی مشاورت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) اور مرسی کور نے پاکستان کو درپیش ابھرتے ہوئے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق، پالیسی تجزیے اور پالیسی مشاورت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پائیڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مرسی کور کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر عارف جبار خان نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کا دورہ کیا اور ادارے کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی تعاون اور مشترکہ سرگرمیوں کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا اور تحقیق، پالیسی تجزیے اور پالیسی ایڈوائزری کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے ممکنہ دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بات چیت کے دوران غذائی سلامتی، زرعی ویلیو چینز، موسمیاتی تبدیلی اور پائیداریت پر خصوصی توجہ دی گئی، دونوں اداروں نے پاکستان کو درپیش نئے اور پیچیدہ ترقیاتی مسائل کے حل کے لیے علم پر مبنی شراکت داری اور شواہد کی بنیاد پر پالیسی حل تشکیل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تحقیق اور پالیسی سازی کے درمیان موثر روابط قائم کرکے ایسے عملی اور شواہد پر مبنی حل سامنے لائے جائیں جو پاکستان کے معاشی و سماجی ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوسکیں۔
فریقین نے باہمی تعاون کو اڑان پاکستان کے تزویراتی وژن سے ہم آہنگ رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تحقیق، پالیسی تجزیے اور علم کے تبادلے کے ذریعے ملک کو درپیش ترقیاتی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔









