سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی نے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کی جانب سے 5.7 ارب روپے کے سپورٹس انفراسٹرکچر پیکیج کی منظوری کو پاکستان میں آئندہ جنوبی ایشیائی کھیلوں کی کامیاب میزبانی کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن و وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال …
جنوبی ایشیائی کھیلوں کی کامیاب میزبانی کیلئے 5.7 ارب روپے کا سپورٹس انفراسٹرکچر پیکیج اہم سنگ میل ہے، محی الدین احمد وانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی نے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کی جانب سے 5.7 ارب روپے کے سپورٹس انفراسٹرکچر پیکیج کی منظوری کو پاکستان میں آئندہ جنوبی ایشیائی کھیلوں کی کامیاب میزبانی کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن و وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں پیکیج کی منظوری دی جس کے تحت کھیلوں کی سہولیات کو جامع طور پر اپ گریڈ اور ترقی دی جائے گی۔
سیکرٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی نے وزیراعظم اور پلاننگ کمیشن کی جانب سے پاکستان کے سپورٹس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ 5.7 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے ملک جنوبی ایشیائی کھیلوں کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر شہروں میں کھیلوں کی سہولیات کی اپ گریڈیشن سے کھیلوں کے مقامات کے معیار، استعداد اور تیاری میں نمایاں بہتری آئے گی اور کھلاڑیوں و مہمان ٹیموں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ سیکرٹری آئی پی سی نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں یہ سرمایہ کاری صرف جنوبی ایشیائی کھیلوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے دیرپا فوائد پاکستان کی کھیلوں کی برادری کو حاصل ہوں گے۔
اپ گریڈ کئے گئے کھیلوں کے مراکز آئندہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کیلئے بھی استعمال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ پلاننگ کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائے گی۔ سی ڈی ڈبلیو پی کی منظوری میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں کھیلوں کی سہولیات کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے بڑے منصوبے شامل ہیں جن کا مقصد پاکستان کی علاقائی کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔








