نوجوانوں کو بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،نوجوانوں کو بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں پاکستان فیزیکل تھراپی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ فیزیکل تھراپی کنونشن سے بطور مہمانِ …

پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،نوجوانوں کو بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں پاکستان فیزیکل تھراپی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ فیزیکل تھراپی کنونشن سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کنونشن میں صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن، سابق رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی ،ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر پیرزادہ خٹک، رفاہ یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر اصغر خان، خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر حیدر دارین، رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ڈین ڈاکٹر محمد بن افسر جان، ہیلپنگ ہینڈ کے ریجنل منیجر امین اللہ ،شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور فزیکل تھیراپسٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں فیزیکل تھراپی کو صحت کے شعبے میں خاص اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگہت اورکزئی نے خیبرپختونخوا میں فیزیکل تھراپی کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور اس شعبے سے وابستہ افراد کے متعدد مسائل حل کرائے۔ گورنر نے یقین دلایا کہ فیزیکل تھراپسٹس کے مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیزیکل تھراپی پروفیشنلز کے مسائل کے حل کے لیے ان کے وکیل بن کر کام کریں گے۔ گورنر نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ اسلام آباد کی طرز پر پشاور میں بھی الرجی سینٹر قائم کیا جائے۔

فیزیکل تھراپسٹس کے ہائوس جاب کا مطالبہ بھی وزیرِ صحت اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سامنے رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ذریعے صوبے کے عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔ صحت کے شعبے میں نئے سیٹ اَپ اور سٹرکچر کے حوالے سے مسائل موجود ہیں جن کے حل کے لیے کوشش کی جائے گی۔ گورنر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر نوجوانوں اور فیزیکل تھراپسٹس کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں