وفاقی وزیرقانون وانصاف بیرسٹرڈاکٹرمحمد فروغ نسیم کا پریس بریفنگ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیرقانون وانصاف بیرسٹرڈاکٹرمحمد فروغ نسیم نے کہاہے کہ ملک میں فوری انصاف کیلئے عدالتی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی جائیگی، زیرالتواءمقدمات کو جلد نمٹانے اورجوڈیشل نظام کوموثربنانے کیلئے دیوانی قانون (سول لائ) میں ترامیم کی جائیں گی۔ جمعہ کو یہاں ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دیوانی کیسوں کی نگرانی کیلئے تین مراحل پرمشتمل طریقہ کارکوجلدازجلد متعارف کرایا جائیگا، پہلے مرحلے میں بنیادی اوراہم کیسوں کو سنا جائیگا، دوسرے مرحلے میں حکم امتناعی اورتولیت سے متعلق امورکا جائزہ لیاجائیگا اورتیسرے وحتمی مرحلے میں شہادتیں ریکارڈ کی جائیگی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ شہادتوں کے حصول کیلئے معروف اوراچھی ساکھ کے حامل وکلاءپرمشتمل پینل تشکیل دیاجائیگا، اس ضمن میں ہمیں ملک بھرسے وکلاءکی معاونت درکارہوں گی۔انہوں نے کہاکہ دیوانی مقدمات کے اندراج سے لیکر دفاع تک پورا عمل 75 دنوں میں مکمل کیا جائیگا، کسی معاملہ پر مقدمہ کیلئے 30 دن کاعرصہ ہوگا جبکہ گواہان اورثبوتوں کیلئے 15 سے لیکر 20 دن دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عدالتوں کا وقت بچانے کیلئے کمیشن ضروری شہادتیں ریکارڈ کرٰیں گا، یہ شہادتیں 90 دن میں ریکارڈ ہوں گی، فیصلے کے بعد اس کا اطلاق کسی تاخیر کے بغیر فوری طورپرہوگا۔