وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ایرانی سفیر کی ملاقات ، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت تجارت سےجاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ایرانی سفیر کو پاکستان و ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس …

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت تجارت سےجاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ایرانی سفیر کو پاکستان و ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور ایرانی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو ’’فوڈ ایگ‘‘ نمائش میں شرکت کی دعوت دی، جو 25 سے 27 نومبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے لیے زرعی و غذائی شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ جام کمال خان نے تجویز دی کہ بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ اور زاہدان کے گورنر کی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ سرحدی علاقوں میں تجارت اور عوامی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بحری امور، ریلوے اور مواصلات کے وزرا کو بھی ایران مدعو کیا جائے تاکہ باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے دوطرفہ تجارت میں ہونے والی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے پاکستان سے 4 لاکھ ٹن چاول کی درآمد مکمل کر لی ہے، جبکہ اب وہ مویشیوں کی خوراک اور مکئی کی خریداری کے لیے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیشرفت سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کی جانب سے بارٹر ٹریڈ میکانزم میں کی گئی ترامیم کو سراہا، جس سے کاروباری سہولت میں اضافہ ہوا ہے۔

جام کمال خان نے بتایا کہ پاکستان و ایران کے مابین آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کے مسودے کا جائزہ جاری ہے اور جلد اسے باضابطہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ایرانی سفیر نے اس پیشرفت کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان پروازیں بحال ہو چکی ہیں، جس سے عوامی روابط اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات اور مشترکہ ثقافتی و تاریخی رشتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 2028 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب امریکی ڈالر سالانہ تک پہنچایا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے مزید بتایا کہ وزارتِ تجارت متعلقہ اداروں، بشمول ایف بی آر اور وزارتِ مواصلات، کے ساتھ ایرانی ٹرکوں کو پاکستان میں داخلے کے دوران درپیش مسائل کے حل پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے پاک۔ایران مشترکہ بزنس کونسل کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جام کمال خان نے منڈ۔پشین سرحدی بازار کے 30 جولائی 2025 کو فعال ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیگدی۔

کوہک اور گبد۔ریمدان کے مشترکہ سرحدی بازاروں کو بھی جلد فعال کیا جائے۔ انہوں نے نان ٹیرف رکاوٹوں میں کمی اور دونوں ممالک کے قرنطینہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیرِ تجارت نے ایرانی تاجروں کو کراچی میں منعقد ہونے والی فوڈ ایگ نمائش میں شرکت کی دعوت دوبارہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے نئے باب رقم کرے گا۔