وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال سے چینی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر نے ملاقات کی جس دوران 16 سے 19 جولائی تک کراچی میں منعقد ہونے والی پاک چین بزنس ٹو بزنس فارماسیوٹیکل کانفرنس کی تیاریوں اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ صحت سے چینی کمرشل قونصلر کی ملاقات،پاک چین بزنس ٹو بزنس فارما سیوٹیکل کانفرنس بار ے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال سے چینی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر نے ملاقات کی جس دوران 16 سے 19 جولائی تک کراچی میں منعقد ہونے والی پاک چین بزنس ٹو بزنس فارماسیوٹیکل کانفرنس کی تیاریوں اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ صحت نے کہا کہ پاکستان چین بزنس ٹو بزنس فارماسیوٹیکل کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان فعال تعاون، مؤثر رابطہ کاری اور جامع تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کانفرنس کے نتائج زیادہ سے زیادہ مؤثر ثابت ہوں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کانفرنس سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دواسازی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور شراکت داری کے نئے مواقع فراہم کرے گی جس سے پاکستان کی مقامی فارماسیوٹیکل صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں پاکستان اور چین کی معروف فارماسیوٹیکل، میڈیکل ڈیوائسز اور روایتی چینی طب سے وابستہ کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے، اس کے علاوہ سرکاری اداروں، ریگولیٹری حکام، صنعت اور نجی شعبے کے نمائندے بھی کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔وفاقی وزیرِ صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ پاکستان مقامی دواسازی کی صنعت کے فروغ، جدید طبی ٹیکنالوجی کے حصول اور معیاری صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے لیے چین کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دے گی








