وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم اپنے اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے احتساب کا عمل شروع کریں گے، کابینہ اراکین کے سرکاری خرچ پر بیرون ممالک علاج کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، وزیراعظم ہاﺅس میں اضافی گاڑیوں کے نیلامی کی بھی منظوری دی گئی ہے، نواز شریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے …

اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم اپنے اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے احتساب کا عمل شروع کریں گے، کابینہ اراکین کے سرکاری خرچ پر بیرون ممالک علاج کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، وزیراعظم ہاﺅس میں اضافی گاڑیوں کے نیلامی کی بھی منظوری دی گئی ہے، نواز شریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور حسن نواز، حسین نواز اور اسحق ڈار کو وطن واپس لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، بیرون ملک پاکستانی دولت کو واپس لانے کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے، وفاقی کابینہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کی پر زور مذمت کرتی ہے، ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کریں گے، او آئی سی کے فورم پر بھی اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پیر کو وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت پر سراپا احتجاج ہے، وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی کہ ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے اس معاملے پر شدید احتجاج کریں کیونکہ ہم حضرت محمد کے پاﺅں کی خاک بھی نہیں ہیں، عالم اسلام کے جذبات اس معاملے پر مجروح ہوئے ہیں، وزیراعظم نے اس معاملے پر او آئی سی کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے قانون کی بھی خلاف ورزی ہے، یورپ میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کی سزائیں بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وزیراعظم اپنے اور وفاقی کابینہ سے احتساب کا عمل شروع کریں گے، کابینہ کے تمام اراکین اپنے ڈکلیئر شدہ اثاثوں کو عوام کے سامنے رکھیں گے، ہم سب ہر قسم کے قانون اور احتساب کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔