وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی مصر کے سفیر فاضل احمد یعقوب سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے مصر کے ساتھ سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعلقات کا فروغ ضروری ہے۔ وہ مصر کے سفیر فاضل احمد یعقوب سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں ان …

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے مصر کے ساتھ سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعلقات کا فروغ ضروری ہے۔ وہ مصر کے سفیر فاضل احمد یعقوب سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے فلموں اور ڈراموں میں مشترکہ پروڈکشن کے شعبہ میں تعاون کی ضرورت پر دیا اور کہا کہ یہ کسی بھی ملک کی ثقافت و اقدار کو نمایاں کرنے کے بڑے ذرائع ہیں۔ انہوں نے فلم پروڈیوسرز اور فنکاروں کے دوروں کی تجویز بھی پیش کی جس سے انہیں ایک دوسرے کے فنی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور ورثہ پر مبنی ہیں، پاکستان انہیں باہمی مفاد کے دیگر شعبوں میں مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر مصر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے تاریخی تعلقات ہیں، امید ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈا کی کامیابی کے حوالہ سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ مصری سفیر نے وفاقی وزیر کو مصر کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔