وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی ای سی سی اجلاس بارے بریفنگ

اسلام آباد ۔ 10ستمبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے ایک لاکھ میٹر ک ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے اور فی بوری 960 روپے سبسڈی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ گیس کی قیمتیوں سے متعلق فیصلہ موخر کردیا ہے، کمیٹی نے ایل پی جی گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے پر کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے …

اسلام آباد ۔ 10ستمبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے ایک لاکھ میٹر ک ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے اور فی بوری 960 روپے سبسڈی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ گیس کی قیمتیوں سے متعلق فیصلہ موخر کردیا ہے، کمیٹی نے ایل پی جی گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے پر کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے قیمتوں کو معمول پر لانے کے لئے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کی سفارش کردی، اس حوالے سے حکومت باقاعدہ نظام وضع کرے گی۔ پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ای سی سی اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں ، معشیت کی مجموعی صورتحال، بجلی ،گیس کے معاملات وزیر خزانہ اسد عمر پارلیمان کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ای سی سی نے کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے ایک لاکھ میٹر ٹن یوریاکھاد برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے ،اس وقت ملک میں کھاد کی ضرورت 5.833ملین ٹن ہے،گذشتہ سال 5.862 ملین ٹن یوریا کھاد کی ضرورت تھی، یوریا کھاد درآمد کرنے کے بعد فی بوری قیمت75 25 روپے پڑے گی اس میں جو اضافی 960 روپے ہیں وہ بوجھ حکومت برداشت کرے گی اس کے ساتھ ساتھ ایک ایسا نظام بھی وضع کیا گیا ہے کہ جو اپنے کھاد کے پلانٹس ہیں ان کو بھی گیس مہیا کی جائے تا کہ کھاد کی پیداوار بڑھائی جاسکے جس سے کسانوں کی ضروریات پوری ہوجائیں ۔