اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہشمند ہے‘ موجودہ حکومت شفافیت ‘ ادارہ جاتی اصلاحات‘ تخفیف غربت‘ انسانی وسائل کی ترقی اور ماحول دوست توانائی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شال …
وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی جرمن سفیر برن ہارڈ شال چیک سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہشمند ہے‘ موجودہ حکومت شفافیت ‘ ادارہ جاتی اصلاحات‘ تخفیف غربت‘ انسانی وسائل کی ترقی اور ماحول دوست توانائی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شال چیک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص ڈویلپمنٹ کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے 1961ءکے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔جرمنی کے سفیر نے تکنیکی اور پیشہ وارانہ مہارت‘ تجارت میں اضافے اور منڈیوں تک رسائی کے شعبوں میں وزارت اقتصادی امور اور پاکستان میں جرمنی کے سفارتخانے کے درمیان قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان امور میں تکنیکی اور پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ فریقین نے بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں میں اضافہ‘ ٹیکنالوجی کی فراہمی‘ مشترکہ منصوبوں اور تجارتی وفود کے تبادلوں میں سہولیات فراہم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔









