وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کا اجلاس

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ اجلاس منعقد ہواجس میں وفاقی حکومت، حکومت آزاد کشمیر اور ایکشن کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آزاد جموں …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ اجلاس منعقد ہواجس میں وفاقی حکومت، حکومت آزاد کشمیر اور ایکشن کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ و محصولات چوہدری قاسم مجید، وزیر تعلیم و سکولز دیوان علی خان چغتائی، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ظفر حسن اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز سابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

اجلاس کے دوران عملدرآمد کمیٹی نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے شدہ معاہدے کی شق وار پیش رفت پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ عوامی مفاد سے متعلق متعدد مطالبات پر عملدرآمد مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی نکات پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عملدرآمد کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر وزیر اعظم پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز باہمی تعاون سے آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کا پائیدار حل یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عملدرآمد کمیٹی، ایکشن کمیٹی نمائندگان کے ساتھ چوتھا جائزہ اجلاس منعقد کر رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے جائز حقوق کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور عوامی مفاد سے وابستہ زیادہ تر مطالبات پر عملدرآمد ہوچکا ہے۔