وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد دنیا میں ایک نئی سوچ اور فکر پیدا ہو گئی ہے، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم اور اسلام کے تشخص کو بہترین انداز میں اجاگر کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد دنیا میں ایک نئی سوچ اور فکر پیدا ہو گئی ہے، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم اور اسلام کے تشخص کو بہترین انداز میں اجاگر کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سچے دل سے سچے پاکستانی کے طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کی، انہوں نے دل سے تقریر کرتے ہوئے اسلام کے صحیح تشخص اور کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم کو بے باک انداز میں دنیا کے سامنے چاک کر دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد مہذب ممالک کی رائے تبدیل ہونا شروع ہو گئی ہے، مخالفین کو تقریر میں کوئی منفی پہلو نہیں ملا تو انہوں نے بھونڈے انداز میں عمران خان کے خطاب کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ مگر ان کی تنقید کو عوام نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، عمران خان کی تقریر کے بعد امت مسلمہ میں نئی امنگیں پیدا ہو رہی ہیں، کشمیریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو سچے پاکستانی لیڈر کے دل کی آواز اور صحیح ترجمانی قرار دیا ہے۔