وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا بیان

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر دنیا بھر کے رہنماﺅں کو لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہی کے لئے خطوط ارسال کریں گے۔ تمام وزرائے اعلیٰ کو یوم یکجہتی کی تقاریب میں شرکت کی استدعا کی ہے، …

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر دنیا بھر کے رہنماﺅں کو لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہی کے لئے خطوط ارسال کریں گے۔ تمام وزرائے اعلیٰ کو یوم یکجہتی کی تقاریب میں شرکت کی استدعا کی ہے، کوہالہ اور منگلا میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، یوم یکجتی کشمیر کے حوالے سے تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو تحصیل سطح تک منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹیڈیز اسلام آباد میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے ممبران یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرس کریں گے، کنونشن سنٹر اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے طلباءکی ایک بڑی تقریب ہو گی، ایوان صدر میں کشمیر کے موضوع پر سیمینار ہو گا، وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے، 5 فروری کو کشمیری شہداءسے اظہار عقیدت کے لئے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، پاکستان پوسٹ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی ٹکٹ جاری کرے گا، ریلوے سٹیشنز، میٹرو سٹیشنز، ہوائی اڈوں اور موٹر وے ٹول پلازوں پر بینرز آویزاں کئے جائیں گے، ریلوے، موٹر وے اور ہوائی سفر کرنے والے مسافروں میں کشمیر سے متعلق اشتہاری مواد تقسیم کیا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزارت خارجہ نے فارن مشنز کو بریفنگ دینے کا انتظام کر رکھا ہے۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز سیمیناز، ریلیز، بریفنگز، دستاویزی فلمز اور تصویری نمائشوں کا انعقاد کریں گے، وزارت اطلاعات تمام تقاریب کی کوریج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام کمپنیاں اس دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات چلائیں گی۔ شاہراہوں، شاپنگ مالز پر موجود ڈیجیٹل سکرینز پر کشمیر سے متعلق ویڈیوز چلائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریری اور مضمون نویسی کے مقابلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کی آرٹ گیلریز میں تصویری نمائشوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔