وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اہم اجلاس، 27 اکتوبر کو یوم سیاہ بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت یومِ سیاہ (27 اکتوبر) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ سیاہ کو ملک بھر میں اور عالمی سطح پر بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا تاکہ دنیا کو ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے آگاہ کیا جا سکے۔اجلاس میں …

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت یومِ سیاہ (27 اکتوبر) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ سیاہ کو ملک بھر میں اور عالمی سطح پر بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا تاکہ دنیا کو ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے آگاہ کیا جا سکے۔اجلاس میں وزارتِ خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، وزارت مواصلات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے نمائندگان کے علاوہ مختلف قومی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں بشمول شیخ متین نے بھی شرکت کی اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیوں اور ان کی آزادی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم آج بھی جاری ہیں، جہاں ہزاروں کشمیری شہادتیں دے چکے ہیں اور متعدد قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہو رہا ہے اور پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اجلاس میں وزارتِ امورِ کشمیر کی جانب سے یومِ سیاہ کے لیے ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں، سیمینارز، میڈیا بریفنگز اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام اور پاکستانی قوم کا ایک مشترکہ پیغام جاری کیا جائے گا، تاکہ عالمی برادری پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

حریت رہنما شیخ متین نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں، ہم یومِ سیاہ کی تمام سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا تھا جس کے بعد سے ہر سال کشمیری عوام اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔