اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت سے نظریاتی اختلافات کے باوجود کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے ملکر بیٹھنے کیلئے تیار ہے، کراچی میں فلاح و بہبود کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، کراچی کا ڈھانچہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو …
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا پریس کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت سے نظریاتی اختلافات کے باوجود کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے ملکر بیٹھنے کیلئے تیار ہے، کراچی میں فلاح و بہبود کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، کراچی کا ڈھانچہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر اور علی زیدی بھی موجود تھے۔ سید امین الحق نے کہا کہ کراچی بڑے مسائل میں گھرا ہوا ہے جس میں پانی ، کچرے کو اٹھانے، ٹرانسپورٹ سمیت بجلی کی فراہمی کے بڑے مسئلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، یہ کمیٹی کراچی جیسے بڑے ٹیکس ادا کرنے والے شہر کے مسائل حل کرے اس سے اچھی بات کیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی میں ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے لئے کے فور گرین لائن، اورنج لائن کے ساتھ ساتھ بلولائن پر بھی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سندھ حکومت کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہیں، مگر ہم کراچی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ان اختلافات کو پس پشت ڈال کر مل کر بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔ اس وقت کراچی کا ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے، اب بھی ملکر نہ بیٹھے اور مسائل کو حل نہ کیا تو پھر کراچی پہلے جیسا کراچی نہیں رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سیاست بہت کرتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ کراچی کے فلاحی منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دورانیے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے بھرپور مدد فراہم کی اور این ڈی ایم اے کو فوری طور پر وہاں کام کرنے کیلئے بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں ہم اگر ملکر بیٹھتے ہیں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔








