اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے قومی معیشت کو شدید نقصان کے باوجود موجودہ حالات میں متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے دنیا کے بڑے اقتصادی ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں، …
وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان کا انٹرویو
اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے قومی معیشت کو شدید نقصان کے باوجود موجودہ حالات میں متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے دنیا کے بڑے اقتصادی ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں، پاکستان کی معیشت پہلے ہی مشکلات کا شکار تھی اور حکومت اسے مضبوط بنانے کے لئے کوشش کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد زراعت اور تعمیرات کے شعبے سے منسلک صنعتیں ترقی کرینگی اور حکومت ان کے ذریعے ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کی صورتحال پیدا نہ ہوتی تو ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کر لیا جاتا، ایف بی آر میں اصلاحات اور ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ٹیکس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تیل سمیت مختلف چیزوں کی قیمتوں میں کمی کی ہے اور پانچ ہزار ارب روپے کے قرضے ادا کئے ہیں جو سابقہ حکومتوں نے لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں برآمدات میں اضافہ نہیں ہوا اور مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا گیا جو کہ ملک میں افراط زر کی ایک بڑی وجہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اخراجات میں کمی کرے گی اور مختلف شعبوں کی کارکردگی میں بہتری لائے گی۔ عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مالیاتی خسارہ بھی کم کیا ہے اور آنے والے دنوں میں دیگر شعبوں میں بھی بہتری نظر آئے گی۔









