وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بحری رابطوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر بحری امور کی بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بحری رابطوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو ملاقات میں ریلوے الیکٹریفکیشن، بندرگاہوں کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے، لاجسٹکس انفراسٹرکچر، اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت علاقائی تجارت کے فروغ سے متعلق مختلف منصوبوں پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ چین کی صفِ اول کی انجینئرنگ کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے پاکستان کی بندرگاہوں کو اندرونِ ملک اقتصادی راہداریوں سے جوڑنے کے لیے جدید، مؤثر اور پائیدار ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی ترقی ممکن ہوگی، جس سے تجارتی مسابقت میں اضافہ اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، پائیدار انفراسٹرکچر کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر ای ای بی کی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جدید انجینئرنگ حل اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے ملک کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے ریلوے الیکٹریفکیشن، پورٹ لاجسٹکس اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز کے ترجیحی منصوبوں پر ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے چینی عہدیدارلی لی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع اور ممکنہ انفراسٹرکچر منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ لی لی نے دعوت قبول کرتے ہوئے پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔








