اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ عناصر کو نہیں چھوڑے گی اور ہر بدعنوان شخص کو احتساب کے عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی حمایت سے اقتدار میں آئی ہے اور کسی دبائو کے بغیر تمام حکومتی …
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت
اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ عناصر کو نہیں چھوڑے گی اور ہر بدعنوان شخص کو احتساب کے عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی حمایت سے اقتدار میں آئی ہے اور کسی دبائو کے بغیر تمام حکومتی معاملات کو آزادانہ طور پر چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب احتساب کی بات کی تو حزب اختلاف نے رونا دھونا شروع کر دیا کہ جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے ہمیشہ اپنی حکومتوں کے ادوار میں قومی خزانے کا غلط استعمال کیا اور اب اپوزیشن میں بھی ناخوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی دونوں جماعتوں کی اہم قیادت پہلے ہی بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حزب اختلاف کے مزید اراکین جنہوں نے ماضی میں کرپشن کی انہیں بھی احتساب کے عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ماضی میں اداروں کی حمایت سے اقتدار میں آئی جبکہ موجودہ حکومت اللہ تعالیٰ کے فضل اور پاکستانی عوام کی حمایت سے اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا روز کا ڈرامہ صرف احتساب کے عمل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب عوام کی مشکلات کو حل کرنے اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔









