وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کاکوویڈ19- ویڈیو کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کی وجہ بروقت حکومتی اقدامات ہیں، وزیر اعظم عمران خان روزانہ کی بنیاد پر ساری صورتحال کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، لاک ڈاﺅن میں نرمی کا حالیہ فیصلہ تمام وفاقی اکائیوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ عوام پر بھی ذمہ داری …

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کی وجہ بروقت حکومتی اقدامات ہیں، وزیر اعظم عمران خان روزانہ کی بنیاد پر ساری صورتحال کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، لاک ڈاﺅن میں نرمی کا حالیہ فیصلہ تمام وفاقی اکائیوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے طے کئے گئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ ہماری کاوشیں کورونا کیسز کے غیر معمولی اضافے کو روکنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوویڈ19- ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی نے انتہائی اہم موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا ہے ۔کورونا وباءنے ہمیں اس طرح سے متاثر نہیں کیا جس طرح امریکہ اور یورپی ممالک اس سے متاثر ہوئے ۔ بہترین طبی سہولیات اور وسائل کے باوجود یہ ممالک وباءسے نبرد آزما ہونے کی سخت کوشش کررہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کی وجہ بروقت حکومتی اقدامات ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان روزانہ کی بنیاد پر ساری صورتحال کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وباءکے پھیلاﺅ کو مانیٹر کرنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی گئی۔ این ڈی ایم اے کو ٹاسک سونپا گیا کہ میڈیکل آلات اور سہولیات کا حصول ممکن بناتے ہوئے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک بھر کے ہسپتالوں کی ضروریات پوری کریں ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر قائم کیا گیا جو تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ این سی او سی نہ صرف وباءکے پھیلاﺅ کے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کرتا ہے بلکہ اس پلیٹ فارم پر وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کی حکمت عملی بھی ترتیب دی جاتی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہماری کاوشیں کورونا کیسز کے غیر معمولی ا ضافے کو روکنے میں کامیاب ہوئیں ہیں ۔ ہم نے بغیر وقت ضائع کیے قرنطینہ کی سہولیات قائم کیں ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری جنگ میں ہراول دستہ ڈاکٹر ز اور میڈیکل سٹاف کیلئے ضروری میڈیکل سامان ،ٹیسٹنگ کٹس، ماسکس، وینٹی لیٹرز، حفاظتی سامان حاصل کیا گیا ۔ ہم چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے سب سے پہلے نہ صرف حفاظتی سامان فراہم کیا بلکہ ہمارے طبی پروفیشنلز کی تکنیکی رہنمائی کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم بھی بھیجی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباءکو چین سے واپس نہ بلانے کا فیصلہ وقت نے درست ثابت کیا ہے۔ اپنے شہریوں کی طرح ہمارے طلباءکا خیال رکھنے پر ہم چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ حکومت کی تمام بدلتی صورتحال پر گہری نظر ہے ۔ جب محسوس کیا کہ وائرس کو روکنے کیلئے لاک ڈاﺅن اشد ضروری ہے تو اسے نافذ کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات آغاز سے ہی کورونا وائرس کے متعلق معلومات فراہم کر رہی ہے۔ این سی او سی کے تعاون کے ساتھ پی ٹی وی، اے پی پی، سائبر ونگ،ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرونک اینڈ پبلیکیشنز، پی بی سی اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کمیونیکشن سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کمیونیکیشن کا بنیادی مقصد کورونا وباءپر قابو پانے کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز کو اجاگر کرنا ہے۔ اس کا مقصد عوام کو باور کرانا ہے کہ ذمہ دا ر رویہ اختیار کرتے ہوئے سماجی فاصلے قائم رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کمزور اور ضرورت مند وں کا خیال رکھنے کی بھی ترغیب دی گئی ہے۔ وباءکے خطرات سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے وزارت اطلاعات نے مربوط مہم شروع کی ہے۔ صحافیوں کی سہولت کیلئے کوویڈ 19کئیر فار میڈیا ایپ کا اجراءکیا گیا ۔ اسی طرح پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سے تراویح براہ راست نشر کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزارت تعلیم کے اشتراک سے ٹیلی اسکول کا اجراءایک اور اہم اقدام ہے ۔ اس سے لاک ڈاﺅن کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں لیکن یہ چینل طلباءاور بچوں کو تعلیم دینے کے پروگرام نشر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عوام میں وبائ، اس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور سماجی فاصلے اختیار کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہی پیدا کر رہی ہے ۔ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کورونا وباءکے معیشت پر اثرات کے حوالے سے باخبر تھی ۔ وزیر اعظم عمران خان کو غرباءاور ڈیلی ویجرز کا احساس ہے جس کی بنیاد پر حکومت نے عوام کے ریلیف، انڈسٹری اور بزنس کی سپورٹ کیلئے 1200 بلین کا پیکج دیا، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام لانچ کیا گیا، تعمیراتی شعبے کو کھولا گیا ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولیات دینے کیلئے یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی میں آسانیاں دی گئیں اور تیل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ۔ وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ قائم کیا گیا اور رضاکاروں پر مشتمل کورونا ٹائیگر فورس ترتیب دی گئی، علماءکے ساتھ 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق ہوا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9مئی سے لاک ڈاﺅن میں نرمی کا حالیہ فیصلہ تمام وفاقی اکائیوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ حکومت تمام تر صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرتی رہے گی۔ امید ہے کہ لوگ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں گے۔