وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے ایم ایل۔1 کراچی تا روہڑی سیکشن کے نفاذی فریم ورک کا جائزہ لینے اور منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے اقدامات پر غور کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے ایم ایل۔1 منصوبے
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت ایم ایل۔ 1 کراچی تا روہڑی سیکشن کے نفاذی فریم ورک کاجائزہ اجلاس
اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے ایم ایل۔1 کراچی تا روہڑی سیکشن کے نفاذی فریم ورک کا جائزہ لینے اور منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے اقدامات پر غور کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے ایم ایل۔1 منصوبے سے متعلق جاری پیش رفت اور ابتدائی انتظامات پر بریفنگ دی، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین اور بینک کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے وزارتِ ریلوے کو ہدایت دی کہ وہ اے ڈی بی اور اقتصادی امور ڈویژن کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے منصوبے کی دستاویزی کارروائی کو تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اس امر میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں کہ ایم ایل۔1 منصوبے کے سنگِ بنیادکی تقریب رواں برس کے اندر منعقد ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال میں اے ڈی بی کی مالی معاونت حاصل کرنے کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے دستاویزات اور دیگر ضابطہ جاتی تقاضوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہوگی۔ وفاقی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ وزارتِ ریلوے پلاننگ ڈویژن کے ساتھ قریبی تعاون یقینی بنائے تاکہ پی سی۔1 اور دیگر لازمی تقاضے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
احد چیمہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا، شفافیت برقرار رکھی جائے گی اور تمام ضابطہ جاتی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے ایم ایل۔1 کو ایک تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں مال برداری کے نظام کو بہتر بنانے اور ریلوے خدمات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی تا روہڑی سیکشن منصوبے کا ابتدائی مرحلہ ہے اور اسے ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایم ایل۔1 کے دیگر حصوں کے لیے مختلف ترقیاتی شراکت داروں سے بھی رابطے میں ہے اور کراچی سے پشاور تک مکمل منصوبے کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی کوشش جاری ہے۔اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے اقتصادی امور ڈویژن اور وزارتِ ریلوے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی دستاویزی عمل اور دیگر رسمی تقاضوں کو تیز کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی پی آر ایف کنسلٹنٹ کی بروقت تقرری یقینی بنائے گا اور منصوبے کے جائزہ عمل کا دورانیہ کم سے کم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا تاکہ اس اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبے پر جلد عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔








