اسلام آباد ۔ 12جون (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہمارے بچے قوم کا اثاثہ ہیں ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ریاست اور ہم سب کی ذمہ داری ہے،چائلڈ لیبر کے حوالے ہمیں اپنی ذہنیت بدلنی ہو گی اور ان بچوں کی تعلیم وتربیت اور صحت پر خصوصی توجہ دینی ہونے ہوگی۔ چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع …
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا چائلڈ لیبر کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام
اسلام آباد ۔ 12جون (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہمارے بچے قوم کا اثاثہ ہیں ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ریاست اور ہم سب کی ذمہ داری ہے،چائلڈ لیبر کے حوالے ہمیں اپنی ذہنیت بدلنی ہو گی اور ان بچوں کی تعلیم وتربیت اور صحت پر خصوصی توجہ دینی ہونے ہوگی۔ چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ 12جون بچوں کی مزدوری کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس حوالے سے ہمارا آئین واضح پور کہتا ہے کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ 16سال کی عمر تک بچوں کو تعلیم دے اور اسکی صحت کا خیال رکھے ،اسکے ساتھ 14سال تک کی عمر کے بچے سے کوئی خطرناک کام نہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بچوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی کنونشن پر دستخط کررکھے ہیں اور ریاست کا فرض ہے جن شقوں پر دستخط کئے ہیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جو شخص بچوں سے مزدوری کروائے اس کا مطلب ہے وہ قانون توڑ رہا ہے اور انسانیت کے خلاف کام کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بچوں سے گھریلو کام کروانے کے حوالے سے ہمارے ہاں کوئی واضح قانون موجود نہیں ، ہمیں اقبال مسیح اورزہرہ شاہ کو یاد رکھنا ہوگا، اسکے ساتھ ہمیں اس عزم کا بھی اعادہ کرنا ہوگا کہ چائلڈ لیبر کے خلاف انفرادی و اجتماعی کوششیں کرنی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے ملک وقوم کا اثاثہ ہیں اور انکے مستقبل کو محفوظ بنانے ریاست اور ہم سب کی ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام وزارت کی ہیلپ لائن 1099 پر چائلڈ لیبر سے متعلق شکایات رپورٹ کریں۔









