وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کی تقرری پاک ۔امریکہ تعلقات کے لئے درست سمت میں ایک قدم ہے۔

انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔خرم دستگیر نے امریکی کمپنیوں کو موجودہ حکومت کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی، درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے حکومتی عزم کے مطابق سولر پالیسی کا اجرا اگلے ماہ کیا جائے گا۔

امریکی سفیر نے پاک ۔امریکہ تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور وسیع تر بنیادوں پر تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، امریکہ توانائی ، زراعت اور ڈیجیٹل شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔