اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) قیصر احمد شیخ نے اسلام آباد میں جمہوریہ روانڈا کے ہائی کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب پاکستان اور روانڈا کے درمیان کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے سلسلے میں منعقدکی گئی جس میں روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پرودنس سیباحیزی بھی شریک تھے جو اس …
وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی روانڈا ہائی کمیشن کے زیر اہتمام تقریب میں شرکت
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) قیصر احمد شیخ نے اسلام آباد میں جمہوریہ روانڈا کے ہائی کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب پاکستان اور روانڈا کے درمیان کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے سلسلے میں منعقدکی گئی جس میں روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پرودنس سیباحیزی بھی شریک تھے جو اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وفاقی وزیر نے دورہ کرنے والے روانڈا کے وزیر تجارت کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی روابط کے فروغ میں روانڈا ہائی کمیشن کے فعال کردار کو سراہا۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے تعاون اور نجی شعبے کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔قیصر احمد شیخ نے روانڈا میں سرمایہ کار دوست ماحول اور ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی سرمایہ کاروں کی سہولت، کاروبار میں آسانی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے اسی نوعیت کی ضابطہ جاتی اور پالیسی اصلاحات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے روانڈا کے وفد اور کاروباری شرکا کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کے بارے میں بریفنگ دی جہاں شعبہ جاتی مراعات، جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کرنے والا ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔
تقریب میں کاروباری برادری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جو پاکستان اور روانڈا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے میں نجی شعبے کی گہری دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔قیصر احمد شیخ نے روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت کو مزید روابط اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
روانڈا کی جانب سے تقریب میں ہائی کمشنر برائے روانڈا ہریریمانا فاتو، روانڈا کے وزیر تجارت و صنعت پرودنس سیباحیزی، ڈائریکٹر جنرل (ٹریڈ اینڈ انڈسٹری) NAEB ڈورین نتویباسا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر NAEB کلاڈ بیزیمانا شریک ہوئے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ بین الاقوامی اقتصادی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔









