وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی میڈیا کوبریفنگ

117
APP25-25 ISLAMABAD: January 25 - Federal Minister for Inter Provincial Coordination, Dr. Fehmida Mirza addressing media talk. APP photo by Saadia Haidari

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان جنت نظیر ملک ہے ،سیاحت کی صنعت کا فروغ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، 20 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے کا فیصلہ آج ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا ہے، سیاحت کی صنعت کے فروغ سے مقامی اور غیر ملکی سیاح ان پرکشش مقامات کی سیاحت کریں گے جس سے سرمایہ کاری بھی آئے گی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بھی پروان چڑھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سیاحت کے بارے ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کے دوران کیا۔ خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر و وزیر برائے سیاحت، کھیل، ثقافت و امور نوجوانان محمد عاطف خان، وزیر سیاحت گلگت بلتستان فدا خان اور سندھ کے صوبائی وزیر سیاحت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 20 ایسے ترجیحی مقامات کی نشاندہی کی جائے گی اور پاکستان سیاحتی شعبوں کیلئے ایک سلوگن تجویز کیا جائے گا اور ایک موبائل ایپلی کیشن بھی تشکیل دی جائے گی تاکہ عوام الناس، ٹاسک فورس کے ارکان اور نوجوانوں سے سیاحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے تجاویز طلب کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرفضاءسیاحتی مقامات کا حامل ملک ہے اور اصل مقصد پاکستان کے اس حقیقی تشخص کو اجاگر کرنا ہے جو ماضی میں کسی وجہ سے اجاگر نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو سکیورٹی انہیں قیام و طعام کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں گی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتداءمیں 20 مقامات کے مناظر اس ایپ پر لوڈ کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح ان مقامات کے پرکشش مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یہ بات انتہائی باعث اطمینان ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود سیاست کو ترجیح بنا رہے ہیں۔ گذشتہ روز اجلاس جس میں وزیراعظم، آرمی چیف اور کابینہ کے اراکین بھی شریک تھے، کے دوران 97 ممالک کے حوالہ سے ویزا شرائط میں نرمی پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے غیر ملکی سیاح اور سرمایہ کار پاکستان آئیں گے اور مقامی کاروبار کو تقویت ملے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جس ملک بھی گئے انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی بہتری سمیت سیاحت پر بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کی تشکیل بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے تاکہ اندرونی اور بیرونی رکاوٹوں اور چیلنجز کو دور کرکے سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزراءنے ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت کرکے اپنی مثبت تجاویز دی ہیں جن سے 20 ایسے مقامات کی نشاندہی کیلئے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں تاکہ وزیراعظم اپنے دوروں اور غیر ملکی سربراہان سے ملاقاتوں میں ان پرکشش مقامات کا ذکر بھی کریں جو سیاحت کے لحاظ سے انتہائی پرکشش ہوں گی جس بعد مزید سیاحتی مقامات تلاش کریں گے۔ حالیہ دنوں مری میں سیاحوں کے رش نے اس ضرورت کو اجاگر کیا ہے کہ مزید ایسے تفریحی مقامات تلاش کئے جائیں تاکہ ملک بھر کے مقامی اور غیر ملکی سیاح ان نظاروں کے لطف اٹھا سکیں۔