وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت اور کھیلوں کے میدان میں بے پناہ صلاحیتوں کا مالک ہے، کھیلوں میں ،خصوصا ہاکی اور فٹ بال میں ہم بیلاروس سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بیلاروس کے سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں بیلا روس کے سفیر نے انہیںکھیلوں اور سیاحت کے میدان میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے بیلا روس کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان سیاحت اور کھیلوں کے میدان میں بے پناہ صلاحیتوں کا مالک ہے۔ کھیلوں میں ،خصوصا ہاکی اور فٹبال میں ہم بیلاروس سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بے شمار مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے لیکن اس کے بعد کبھی بھی کوئی عملی کاروائی نہیں نظر آئی۔ انہوں نے کہا کہ اب ان مفاہمت ناموں پر عملدرآمد کرنے کا بہترین وقت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشترکہ وزراتی کمیشن کا اجلاس مارچ میں منعقد ہو رہا ہے۔ زراعت، صنعت، سیاحت اور تجارت کو بھی اس میٹنگ کے ذریعے تقویت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بیلاروس کے سفیرکو شمالی علاقوں کا دورہ کرنے اور شندور فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی ہے۔