وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے شام کے سفیر ڈاکٹر رامز العری کی ملاقات

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نےاسلام آباد میں پاکستان میں شام کے سفیر ڈاکٹر رامز العری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں زرعی شعبہ ، تجارت اور ثقافتی تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔بدھ کووزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق …

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نےاسلام آباد میں پاکستان میں شام کے سفیر ڈاکٹر رامز العری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں زرعی شعبہ ، تجارت اور ثقافتی تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔بدھ کووزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور شام تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں جو مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ دونوں ممالک کے لیے غیر معمولی امکانات کا حامل ہے اور پاکستان شام کے ساتھ تجارتی اور تکنیکی تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔رانا تنویر حسین نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان اور شام کے مابین زرعی تعاون پر ایک یادداشتِ تفاهم پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں جو زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں طویل مدتی تعاون کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی شام پر عائد بین الاقوامی پابندیاں ختم ہوں گی، شام پاکستان کے لیے زرعی اجناس بشمول اجناس، پھل اور ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی صورت میں ایک قیمتی تجارتی شراکت دار کے طور پر سامنے آئے گا۔

تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اسے مزید تیز رفتار بنانے کے لیے، دونوں ممالک نے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا جو جدید کاشتکاری کے طریقوں، آبی وسائل کے انتظام، استعداد کار میں اضافہ اور زرعی تجارت کے فروغ جیسے عملی شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لے گا۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستان شام کو جدید زراعت اور غذائی تحفظ کی حکمتِ عملیوں میں اپنی مہارت اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف دوطرفہ تجارت کو فروغ دیں گے بلکہ خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی میں بھی اضافہ کریں گے۔اس موقع پرشامی سفیر ڈاکٹر رامز العری نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شام باہمی مفاد کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان شام کو خطے کا ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور اس بات کا عزم کیا کہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے تاکہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید پروان چڑھتے رہیں۔

مزید خبریں