وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات خسرو بختیار کا بارہویں پانچ سالہ منصوبے کے اجلاس سے خطاب

APP13-30 ISLAMABAD: October 30 - Federal Minister for Planning, Development and Reforms Makhdoom Khusro Bakhtiar chairing a meeting regarding 12th Five Year Plan. APP photo by Irshad Sheikh

اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی قانون کی حکمرانی کے بغیر ممکن نہیں، پائیدار ترقی کے لئے موجودہ حکومت کی ترجیحات انسانی وسائل کی ترقی، گڈ گورننس، غربت کا خاتمہ، سرکاری اداروں کی تشکیل نو، جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ، زراعت کی ترقی، سوشل سیکٹر اور توانائی شامل ہیں اور اگلے پانچ سالہ منصوبہ میں ان تمام عوامل کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات میں بارہویں پانچ سالہ منصوبے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبہ بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھنا ہے کہ وہ حقیقت پر مبنی، اصلاح پسند اور مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبے کو لے کر گزشتہ حکومتوں کی ترجیحات مختلف تھیں جبکہ موجودہ حکومت کی ترجیحات انسانی ترقی ، خواتین اور بچوں کی صحت و نشوونما، سرمایہ کاری اور زراعت کا فروغ بھی ہیں اور ان تمام اہداف کو حاصل کرنے کےلئے پانچ سالہ منصوبے میں ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کے لئے وزارت منصوبہ بندی کے معاشی ماہرین کو سخت محنت کرنا ہوگی۔