وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیارسے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیارنے کہا ہے کہ متعدد سیکٹرز میں مشترکہ تعاون سے خطے میں تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے، ازبکستان اور پاکستان کے شاندار تعلقات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں متعین ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوف سے ملاقات کے دوران کیا۔جنہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد …

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیارنے کہا ہے کہ متعدد سیکٹرز میں مشترکہ تعاون سے خطے میں تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے، ازبکستان اور پاکستان کے شاندار تعلقات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں متعین ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوف سے ملاقات کے دوران کیا۔جنہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں سے علاقائی تجارت اور سیاحت کے علاوہ علاقائی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔ازبک سفیر نے منصوبہ بندی کے وزیر کو بتایاکہ 700 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کی تجویز زیر غور ہے جو ازبکستان ، روس ، افغانستان اور پاکستان سے گزرے گی۔خسرو بختیار نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقائی تجارت اور روابط کو فروغ حاصل ہوگا جس سے رکن ممالک کو فائدہ ہوگا۔منصوبہ بندی کے وزیر نے بتایا کہ طور خم اور دوشنبے کے درمیان مجوزہ راہداری کے علاوہ شمالی جنوبی روابط کی ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کے دیگر منصوبے بھی زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے شاندار تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں کئی گنا اضافے کو سراہا۔انہوں نے تیل وگیس، زراعت ، خوراک، ٹیکسٹائل ، تعمیر اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کے مزید امکانات تلاش کرنے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a Reply