وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا ایوان بالا میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بحث کے دوران اظہارخیال

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء کو مکمل سہولیات فراہم کی گئیں، کراچی سے اسلام آباد تک انہیں کہیں نہیں روکا گیا، پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مقدمات ہم نے نہیں بنائے، جب ہم نے دھرنا دیا تو ہمارے قائدین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات …

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء کو مکمل سہولیات فراہم کی گئیں، کراچی سے اسلام آباد تک انہیں کہیں نہیں روکا گیا، پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مقدمات ہم نے نہیں بنائے، جب ہم نے دھرنا دیا تو ہمارے قائدین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کئے گئے۔ بدھ کو ایوان بالا میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے قومی اسمبلی میں کہا کہ چار حلقے کھولیں، دھاندلی ہوئی ہے، انتخابی اصلاحات کریں، اس وقت کی حکومت نے 40 حلقے کھولنے کی بات کی لیکن چار حلقے نہیں کھولے، ہم ٹربیونل، عدالتوں سمیت متعلقہ اداروں کے پاس گئے، شنوائی نہ ہونے پر احتجاج کیا، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، لاٹھی چارج کیا گیا، پانامہ لیکس تحریک انصاف نہیں لے کر آئی، انویسٹی گیٹو جرنلسٹ نے رپورٹ مرتب کی جس میں اس وقت کے وزیراعظم کا نام آیا، ہم کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکلے، صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت موجودہ وفاقی وزراء کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کئے گئے۔ میرے حلقہ سے 181 ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔ آج آزادی کا یہ عالم ہے کہ کراچی سے قافلہ نکلا، اسلام آباد پہنچ گیا، کہیں کنٹینر لگائے گئے نہ روکا گیا، ہم پر مظالم ڈھائے گئے جو ملکی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے۔ اب دھرنے کے شرکاء کو قیادت چھوڑ کر چلی جاتی ہے، وزیراعظم نے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ شرکاء کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمانی جمہوریت کی اس لئے بات کرتے ہیں کہ حکومتیں جوابدہ ہوتی ہیں، سابق نااہل وزیراعظم کیوں گرفتار ہے، ان کے خلاف کیس ہمارے دور میں نہیں بنے، پانامہ پیپرز ان کے دور میں آیا، آصف علی زرداری نے ان کی جائیدادوں سے متعلق تقریریں کیں، مریم نواز نے کہا کہ لندن میں کوئی جائیداد نہیں، وہ جائیدادیں پکڑی گئیں۔ سندھ میں 50 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، آصف زرداری سے بڑا پیسہ برآمد ہوا ہے، یہ رقم سندھ میں لگانا تھی۔ انہوں نے وہ رقم لوٹی اور آج جیل میں ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں ایک دوسرے پر الزامات لگا رہی تھیں، سچ بول رہے تھے، اب جمہوریت کے لئے خاموش ہیں۔ آرٹیکل 19 سب کو بولنے اور لکھنے کا حق دیتا ہے۔ ایوان بالا کے ممبران کی تقاریر براہ راست دکھائی جا رہی ہیں۔ سابق دور میں جس وقت ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرنے کی کوشش کی گئی، ہم نے مخالفت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس طرح پاکستان کی نمائندگی کی، اس پر فخر ہے۔ ہم اپوزیشن میں تھے تو ہم کہتے تھے کہ حکومت جواب نہیں دیتی، اب ہم جواب دینا چاہتے ہیں، یہ سننا نہیں چاہتے کیونکہ انہوں نے ملک لوٹا ہے۔

مزید خبریں