وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک سے سیمسن گروپ کے بین الاقوامی مشاورتی بورڈ کی ملاقات، ماحولیاتی سرمایہ کاری اور شجرکاری کے اہداف بارے تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں جو قدرتی مناظر، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو سیمسن گروپ آف کمپنیز کے بین الاقوامی …

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں جو قدرتی مناظر، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو سیمسن گروپ آف کمپنیز کے بین الاقوامی مشاورتی بورڈ سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت لارڈ عامر سرفراز آف کینسنگٹن، رکن ہاؤس آف لارڈز (برطانیہ) اور جنرل پیٹرک سینڈر سابق سربراہ برطانوی فوج نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں بالخصوص شمالی علاقہ جات میں ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹوورازم)کے فروغ کے امکانات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، گفتگو کا محور ایسے پائیدار ترقیاتی ماڈلز کی تشکیل رہا جو معاشی ترقی اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے درمیان توازن پیدا کریں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں جو قدرتی مناظر، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔ اجلاس میں سیمسن گروپ کی جانب سے ملک بھر میں اپنے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے تحت 10 کروڑ درخت لگانے کے عزم کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اس بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت حکومت کے ماحولیاتی اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نوعیت کی شراکتیں پاکستان کے سبز ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور قومی سطح پر جنگلات کی بحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔