وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان سے جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری کی ملاقات،باہمی دوطرفہ معاملات زیر بحث آئے

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان سے پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے دوطرفہ معاملات زیر بحث آئے۔ جاپانی سفیر نے کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے آپس میں گہرے …

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان سے پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے دوطرفہ معاملات زیر بحث آئے۔ جاپانی سفیر نے کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے آپس میں گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں اور آنے والے وقت میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کاساتھ دیاہے۔ وفاقی وزیر نے ایوی ایشن کے حوالے سے جاپان کی طرف سے ٹیکنیکل اور دیگر سہولتوں کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں جاپان اور پاکستان کے مشترکہ جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ دونوں نے جاپان اور پاکستان کے درمیان فلائٹس کی تعداد میں اضافے پر اتفاق اور ڈائریکٹ فلائٹ کے لئے اقدامات تیز کرنے پر زور دیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ پروازوں کی تعداد میں اضافے سے دونوں طرف کی عوام خصوصاً بزنس کمیونٹی کا فائدہ ہو گا۔ وفاقی وزیر نے امید کا اظہار کیا کہ جاپان ایمبیسی کو بھیجی جانے والی لاہور میں ڈبلیو ایس راڈار کی تنصیب کی درخواست جس پر نامعلوم وجوہات کی بنا پر عملدرآمد نہ ہو سکا اس معاملے پر ملک کے بہترین مفاد کے پیش نظر دوبارہ نظرثانی کی جائے گی۔ انہوں نے کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے بطور فرنٹ لائن اے ایس ایف کی صلاحیتوں سے جاپانی سفیر کوآگاہ کیا اورجاپان اور دوسرے ممالک کے ساتھ اے ایس ایف کے لئے تعاون کی سہولت کی تلاش میں مدد کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے بتایا کہ جائیکا اور حکومت جاپان کی طرف سے نالہ لئی میں سیلاب کی پیشگی اطلاع کے حوالے سے دی گئی امداد سے اپ گریڈ یشن کا کام جاری ہے جس کی باقاعدہ تکمیل کے بعد اس کی رپورٹ جاپان ایمبیسی میں پیش کر دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اور جاپانی سفیر کی طرف سے مستقبل میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات مزید گہرے اورمضبوط بنانے کا عزم کیا گیا۔ وفاقی وزیر کی طرف سے جاپانی سفیر کو سووینیئر بھی پیش کیا گیا۔

مزید خبریں