وفاقی وزیر تجارت سے آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے الوداعی ملاقات کی

وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی ۔ ترجمان وزارت تجارت کے مطابق جام کمال خان نے آذربائیجان کے سفیر کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں غیر معمولی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات خضر فرہادوف کے دور میں تاریخی بلندیوں تک پہنچے، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 8ویں مشترکہ وزارتی کمیشن، ترجیحی تجارتی معاہدے اور 15 معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں نے معاشی تعاون کو نئی جہت دی۔ آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز اور صنعتی مراکز کے دوروں کی دعوت دی ہے،آذربائیجان کی پاکستان میں مجوزہ سرمایہ کاری، خصوصاً توانائی کے شعبے میں جلد عملی شکل اختیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی، انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ، سیاحت اور لاجسٹکس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے ۔ جام کمال نے خضر فرہادوف کی کامیاب سفارتی خدمات کو پاکستان۔آذربائیجان تعلقات کا ایک سنہری باب قرار دیا اور خضر فرہادوف کے لیےمستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا