پنجاب کے دریائوں کے بہائو میں بتدریج کمی ہوئی، ترجمان پی ڈی ایم اے

پنجاب کے دریائوں کے بہائو میں 24 گھنٹوں کے دوران بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):پنجاب کے دریائوں کے بہائو میں 24 گھنٹوں کے دوران بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔کالا باغ میں پانی کا بہائو 3 لاکھ 1 ہزار،تونسہ میں 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج میں پانی کا بہائو نارمل ہے۔دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی ہو رہی ہے۔دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادر آباد، تریموں اور پنجند کے مقام پر پانی کا بہائو نارمل ہے۔ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہائو نارمل ہے۔دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔بلوکی میں 63 ہزار اور سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہائو 53 ہزار کیوسک ہے جبکہ جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہائو نارمل ہے۔ترجمان کے مطابق وزیرآباد میں نالہ پلکھو میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور پانی کا بہائو 4 ہزار کیوسک ہے۔نارووال میں نالہ بسنتر میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، پانی کا بہا ئو1 ہزار کیوسک ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریائوں کے بہائو میں اضافہ ہوا ، اب دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ہو رہی ہے۔دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل ہیں ۔فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریائوں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔دریائوں کی کراسنگ کےلئے معیاری بوٹس اور لائف جیکٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بچوں کو دریائوں اور ندی نالوں میں ہرگز نہانے مت دیں۔