"وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ یکم سے 2 اگست تک امریکی شہر شکاگو میں منعقد ہونے والے دو روزہ ترک فیسٹیول میں شرکت کریں گے، جہاں وہ غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ کے پروگراموں اور عالمی تعاون کے فروغ سے متعلق بین الاقوامی مباحثوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔”
وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ یکم تا 2 اگست شکاگو میں دو روزہ ترک فیسٹیول میں شرکت کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ یکم تا 2 اگست امریکی شہر شکاگو میں منعقد ہونے والے دو روزہ ترک فیسٹیول میں شرکت کریں گے جہاں وہ غربت کے خاتمے سے متعلق بین الاقوامی مباحثوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومتی اقدامات، سماجی تحفظ کے پروگراموں اور عالمی تعاون کے فروغ پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔
وزارت کی ترجمان کے مطابق زکوٰۃ فائونڈیشن آف امریکہ کے زیر اہتمام ہونے والے ترک فیسٹیول میں ترک، پاکستانی، عرب اور دیگر مسلم برادریوں کے نمائندے شرکت کریں گے جہاں مشترکہ سماجی اور انسانی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ بین الاقوامی اجلاس ’’غربت ایک عالمی خطرہ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات، سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں اور وزارت کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔ کمزور اور پسماندہ طبقات کی معاونت کے حوالے سے پاکستان کے تجربات، کامیاب اقدامات اور عالمی تعاون کے ذریعے غربت سے نمٹنے کے لیے قابل عمل تجاویز بھی پیش کریں گے۔ فیسٹیول کے دوسرے روز سید عمران احمد شاہ مولانا جلال الدین رومی کی حیات و تعلیمات پر منعقدہ خصوصی نشست میں بھی شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر زکوٰۃ فائونڈیشن آف امریکہ کے مرکزی دفتر کا دورہ بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر اپنے دورہ شکاگو کے دوران پاکستانی نژاد امریکی برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کریں گے۔








