اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے مسائل کی نشاندہی کرنے کی بجائے اپنے قائدین کو بدعنوانی کیسز سے بچانے اور ان کا تحفظ کرنے میں مصروف ہیں، اپوزیشن جماعتیں پہلے بھی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کر چکی ہیں دوبارہ بھی شوق پورا کر لیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں …
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے مسائل کی نشاندہی کرنے کی بجائے اپنے قائدین کو بدعنوانی کیسز سے بچانے اور ان کا تحفظ کرنے میں مصروف ہیں، اپوزیشن جماعتیں پہلے بھی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کر چکی ہیں دوبارہ بھی شوق پورا کر لیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی جو داستانیں چھوڑ کر گئے عوام ان سے بخوبی آگاہ ہیں، پہلے بھی عوام نے انہیں مسترد کیا اور اب بھی عوام ان کا ساتھ نہیں دیں گے، اپوزیشن جماعتیں چاہتی ہیں ان کے قائدین کے کیسز معاف کر کے انہیں این آر او دیا جائے جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دور میں ممکن نہیں ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنائے جب کہ عوام غربت کا شکار ہوئے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قانون سازی کے دوران بھی اپوزیشن نے نیب قوانین میں ترامیم کی آڑ میں حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی کہ کسی طرح انہیں ریلیف مل جائے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کے ساتھ احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم اور مفرور ہیں، عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہوئے ہیں اسلئے انہیں اخلاقی طور پر اے پی سی میں خطاب نہیں کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جن جماعتوں سے اپنے ارکان قابو نہیں ہو رہے وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک چلائیں گے، ان کے آپس کے اختلافات زیادہ ہیں اسلئے ہمیں ان کی اے پی سی سے کوئی خوف نہیں ہے، حکومت گرانا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں ہے،ان کے بس میں ہوتا تو یہ پی ٹی آئی کی حکومت بننے ہی نہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اندر مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان قیادت کی دوڑ لگی ہوئی ہے، ان کے پاس عوام کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔








