وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود سے چین کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):چین کے حال ہی میں تعینات ہونے والے سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کو ان کی پاکستان میں تقرری پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کے وسیع تجربہ اور پیشہ وارانہ مہارت کی بنیاد پر پاکستان اور چین کے تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہوں گے۔ ملاقات میں …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):چین کے حال ہی میں تعینات ہونے والے سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کو ان کی پاکستان میں تقرری پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کے وسیع تجربہ اور پیشہ وارانہ مہارت کی بنیاد پر پاکستان اور چین کے تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہوں گے۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی اور تعاون کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستانی طلبا کی ایک بڑی تعداد چین میں تعلیم حاصل کر رہی ہے، ان طلبا کو سکالرشپ بھی فراہم کئے جا رہے ہیں، یہ امر تعلیم کے شعبہ میں دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت جو کہ سی پیک کا ایک اہم حصہ ہے، میں خصوصی ورکنگ گروپ کے قیام پر زور دیا۔ دونوں فریقین کے درمیان چین کے سینما گھروں میں 45 سال کے وقفے کے بعد دکھائی جانے والی پاکستانی ملٹری ایکشن فلم ’’پرواز ہی جنون‘‘ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے اس کوشروعات قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ثقافتی تبادلہ کے پروگرام کے تحت مزید فلمیں اور ڈرامے دکھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے وبائی صورتحال معمول پر آنے کے بعد ثقافتی سرگرمیوں، پیشہ وارانہ اور فنی تربیت کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کے اقدامات کی تعریف کی اور چین کی ویکسین پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چین کے سفیر نے کہا کہ چین کی ویکسین تجربات کے آخری مرحلہ سے گزر رہی ہے اور چین کیلئے پاکستان اولین ترجیح ہو گا۔ پاکستان اور چین نے تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان اور چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن بھی شریک تھے۔