وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے منگل کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔اس موقع پر ایس اے پی ایم خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی محاذ پر تاریخی اور پائیدار دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہت زیادہ فکر مند ہے اس لئے اس سلسلے میں متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو اپنی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے محصولات اور اخراجات کے حوالے سے حکومت کے جامع اور عملی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ڈونلڈ بلوم نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر اسی جذبات کا جواب دیا۔ انہوں نے سیلاب کے بحران سے پاکستان کو ہونے والے بڑے معاشی نقصانات کا اعتراف کیا اور کہا کہ امریکی حکومت اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر خزانہ نے امریکہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے مختلف اقتصادی راہوں کا اشتراک کیا جس میں دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔ آخر میں وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔