اسلام آباد/ارومچی ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے چین کے صوبہ شن جیانگ کے گورنر شہرت ذاکر نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات چین کے شہر ارومچی میں وسطی ایشیائی علاقائی تعاون (کاریک) انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کاریک انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو سیاسی، …
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے چین کے صوبہ شن جیانگ کے گورنر شہرت ذاکر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد/ارومچی ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے چین کے صوبہ شن جیانگ کے گورنر شہرت ذاکر نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات چین کے شہر ارومچی میں وسطی ایشیائی علاقائی تعاون (کاریک) انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کاریک انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو سیاسی، ادارہ جاتی اور ممتاز حمایت حاصل ہے جو دیگر ممالک کے ساتھ دوستی سے منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ شن جیانگ صوبہ کے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور تجارتی روابط ہیں، انہیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسے دونوں ممالک کے درمیان گیٹ وے کا درجہ مل سکے۔ انہوں نے ریل رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیر خزانہ نے ارومچی میں حبیب بینک کی برانچ کھولنے کی اجازت دینے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ یہاں بڑی تعداد میں پاکستانی تاجروں کے کاروبار کے پیش نظر قونصلیٹ کا قیام حکومت پاکستان کی ترجیح ہے۔ اس موقع پر شہرت ذاکر نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے جو دنیا کے کوئی سے بھی دو ممالک کے درمیان دوستی سے بہترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحق ڈار اور ان کے وفد کے دورے سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان بلکہ شن جیانگ اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان بھی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاریک انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے دونوں ممالک کے عوام کو ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے تحقیق اور علم کے تبادلے کا پلیٹ فارم میسر آئے گا۔








