وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اپنے عراقی ہم منصب جنرل عبدالامیر الشمری سے ملاقات، پاک-عراق باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

برسلز ۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی برسلز میں عراق کے وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک-عراق دوطرفہ تعلقات اور زائرین کی سہولت کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو پائیدار اور موثر بنیادوں پر فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔عراقی وزیر داخلہ نے پاکستان کی …

برسلز ۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی برسلز میں عراق کے وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک-عراق دوطرفہ تعلقات اور زائرین کی سہولت کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو پائیدار اور موثر بنیادوں پر فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔عراقی وزیر داخلہ نے پاکستان کی جانب سے زائرین کے گروپس کو باقاعدہ منظم اور ریگولیٹ کرنے کے اقدامات کو بھرپور سراہا۔

عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دور میں پہلی بار زائرین گروپس کو منظم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔عراقی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آنے کی اجازت ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ عراق جانے والے زائرین کو مقررہ مدت سے زائد قیام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے عراقی حکومت اور عوام کا زائرین کے لیے بھرپور تعاون اور روایتی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔عراقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر بتایا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ زائرین کی سہولت، سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے معلومات کے تبادلے اور مشترکہ میکنزم کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

 

مزید خبریں