بیجنگ۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو بیجنگ میں چین کے وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ سے اہم ملاقات کی۔ چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر آمد پر چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ …
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بیجنگ میں چینی ہم منصب سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
بیجنگ۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو بیجنگ میں چین کے وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ سے اہم ملاقات کی۔ چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر آمد پر چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انسداد دہشت گردی،پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر 3 ماہ بعد میٹنگ پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزرائے داخلہ کی سطح پر ہر سال ایک بار ملاقات ہوگی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔چینی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔چینی وزیر داخلہ نے انسداد دہشت گردی اور داخلی سکیورٹی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ چینی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ و فوری ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لئے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ ملاقات میں اسلام آباد اور بیجنگ سسٹر سٹیز کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں وزرا کے درمیان پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کی پولیس اور اداروں کے درمیان تجربات اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چائینز کی سکیورٹی کے لئے کئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں اور مشترکہ مفادات کے منصوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، چائینز کی سکیورٹی کے لئے ہر سطح پر مضبوط اقدامات کئے ہیں،چائینز کی سکیورٹی کے لئے اسلام آباد میں خصوصی پروٹیکشن یونٹ بنا رہے ہیں،سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے چینی تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے چینی اداروں کی معاونت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں،انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے چینی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی سے بہت مدد مل سکتی ہے،پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اشتراک کا انمٹ رشتہ ہے اور کوئی اس میں دراڑ نہیں ڈال سکتا،سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے پائیدار تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے چینی صدر اور وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ چینی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سکیورٹی تعاون فورم میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سٹریٹجک پارنٹر ہیں،2026 کے آغاز میں پاکستانی وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی ہے، پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر دوطرفہ اشتراک کار بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔چینی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
چین کے نائب وزیر داخلہ سو ڈیٹونگ، نائب وزیر یو شیوہو،بیجنگ کے ڈپٹی میئر و بیجنگ پبلک سکیورٹی بیورو کے ڈی جی کن یونبیاؤ،وزارت پبلک سکیورٹی جنرل آفس کے ڈی جی گو کان،انسداد دہشت گردی محکمے کے ڈی جی گاو کیو اور بین الاقوامی تعاون محکمے کے ڈی جی وانگ یونگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز کے انوسٹی گیشن ایجنسی سید خرم علی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔








