ضمنی انتخابات میں امن وامان کی صورت حال کو یقینی بنانا ہماری قومی ذمہ داری ہے ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں امن وامان کی صورت حال کو یقینی بنانا ہماری قومی ذمہ داری ہے ، الیکشن کمیشن کی طرف سے ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کرنے پر تمام وسائل بروئے کارلائیں گے،وزارت داخلہ کے زیرانتظام سول آرمڑ فورسز امن وامان کیلئے صوبہ سندھ اور پنجاب کی مکمل معاونت کرے گی،چیف الیکشن کمشنر کے خط کی روشنی میں پنجاب کے چھ انتہائی حساس حلقوں میں سیکورٹی کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔وہ جمعہ کو وزارت داخلہ میں ضمنی انتخابات میں امن وامان کے انتظامات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں وزیرداخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل ،آئی جی پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان اور اعلیٰ فوجی حکام سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں 17 جولائی کے ضمنی انتخابات کے دوران امن وامان کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضمنی انتخابات کے حلقوں میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کے مراسلے کابھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انتہائی حساس حلقوں میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شرکاء کی طرف سے 17 جولائی کےضمنی انتخابات کے حلقوں میں سکیورٹی انتظامات پراطمینان کااظہارکیا گیا۔اجلاس میں ضمنی انتخابات کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے الیکشن کے ماحول کو سازگار بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے جن میں ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کیلئے پاک فوج، رینجرز کے علاوہ فرنٹیر کانسٹیبلری تعینات کرنے،پنجاب اور سندھ کے ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں آتشی اسلحہ کی نمائش اور ساتھ رکھنے پرمکمل پابندی ، آتشی اسلحہ پابندی احکامات کی خلاف ورزی پرفوری گرفتاری ،اسلحہ ضبطگی اورلائسنس منسوخ کرنے ،انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر شرپسند عناصر کی ضمنی انتخابات کے حلقوں میں داخلے پر پابندی لگانا شامل ہے ۔

اجلاس میں گجرات سے لاہور میں لائے گئے 300 اسلحہ بردارافراد کے حوالے سے رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ایسے مسلح افراد کی ضمنی الیکشن کے دوران امن وامان پراثر انداز ہونے کے باعث پیشگی اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔امن وامان کی صورت حال کو مسلسل مانیٹر کرنے کیلئے وزارتِ داخلہ میں 16 اور17 جولائی کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خا ن نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو اجلاس میں لئے گئے فیصلوں پرعملدرآمد کیلئے ہدایات بھی جاری کیں ۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ انتہائی حساس انتخابی حلقوں میں لاہور کے چار،بھکر اور ملتان کا ایک ایک حلقہ شامل ہے۔ضمنی انتخابات کے حلقوں میں کسی بھی شخص کو اسلحہ کی نمائش یا ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ضمنی انتخاب کے دوران حلقوں میں شرپسند عناصراوراسلحہ بردارافراد کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں۔

صوبائی حکومتیں اورقانون نافذ کرنے والے ادارے آتشی اسلحہ پابندی پرسختی سے عملدآمدیقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذکرنے والے ادارے انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پرشرپسند عناصر کیخلاف پیشگی اقدامات لیں گے ، ضمنی انتخابات کے حلقوں میں دوسرے صوبوں سے لائے گئے شر پسند عناصر پرکڑی نظررکھی جائے ، ایسے شرپسند افراد کے حوالے سے زیرو ٹالرینس کا مظاہرہ کیا جائے۔گجرات سے لائے گئے 300 مسلح افراد کے حوالے سے بھی پیشگی اقدامات لئے جائیں۔